ایران نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے ایک اور ایجنٹ کو پھانسی دیدی۔
اسرائیل کی جانب سے ایران پر ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد ایران نے اپنی سرزمین پر اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے ایجنٹوں کیخلاف بھرپور کارروائی جاری رکھی ہوئی ہے، اس دوران 12 سے زائد ایجنٹوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق حکام نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے ایک اور ایجنٹ کو پھانسی دیدی۔
میڈیا رپورٹ کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی کے بعد اسرائیلی ایجنٹ کو سزا دی گئی۔ اس سے قبل بھی ایک ایجنٹ کو پھانسی دی جاچکی ہے۔
واضح رہے کہ ہفتہ اور اتوار کی رات امریکا نے بی 2 اسٹیلتھ بمبار طیاروں کے ذریعے ایران کی تین جوہری تنصیبات فردو، اصفہان اور نطنز پر حملہ کردیا۔ ایرانی حکام نے حملوں کی تصدیق کردی تاہم نقصانات کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
دوسری جانب ایران نے امریکی حملوں کے بعد اسرائیل پر خیبر شکن میزائلوں سے حملہ کردیا، نئے مرحلے میں 20 سے 40 میزائل اسرائیلی شہروں پر داغے گئے، جس کے بعد کئی شہروں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔





















