اسرائیل اور حماس کے درمیان کئی روز سے لڑائی جاری ہے اور اب خبریں گردش کر رہی ہیں کہ مبینہ طور پر اسرائیلی وزیراعظم کے بھتیجے حماس کے حملے میں مارے گئے ہیں ۔
ترک میڈیا میں یہ خبر " سپوتنک عربی " کے حوالے سے شائع کی گئی ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم کے بھتیجے ' یائر ایڈو نیتن یاہو' حماس کے حملے میں مارے گئے ہیں ، رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہاہے کہ نیتن یاہو کے بھتیجے اسرائیلی فوج میں کپتان کے فرائض انجام دے رہے تھے اور انہیں القسام بریگیڈ کی جانب سے نشانہ بنایا گیاہے ۔
رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیاہے کہ ٹائمز آف اسرائیل نے اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے اہلکار ' یاسر نیفوسے ' کا نام لیا ہے ، جس کا تعلق 101 بٹالین کے پیراٹروپرز سے تھا ، پبلیکشن کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر ہلاک ہونے والے اہلکار کی تصویر کا استعمال کیا گیا ہے لیکن یہ نہیں کہا گیا کہ یہ نوجوان اسرائیلی وزیراعظم کا بھتیجا ہے ۔
جو تصویر ٹائمز آف اسرائیل کی جانب سے یاسر نفوسے کے نام سے چلائی گئی ہے اسے روسی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے بھی شیئر کیا جارہاہے ۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو یا اسرائیلی میڈیا کی جانب سے فی الحال میڈیا پر چلنے والی رپورٹس پر کسی قسم کا کوئی رد عمل جاری نہیں کیا گیا ہے ۔