پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سفارتی مشن مکمل کرنے کے بعد پاکستان واپس پہنچ گئے ہیں جہاں کراچی ایئر پورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور اولڈ جناح ٹرمینل پر جلسے کا بھی انعقاد کیا گیا ۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب کا شکر گزار ہوں آپ نےاتنی محبت سے استقبال کیا، صدر پاکستان،وزیراعظم کی اجازت سے میں نے پاکستان کی دنیا میں نمایندگی کی ، میں پاکستان کی جانب سے دنیا بھر میں امن کا پیغام لیکر گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر پلیٹ فارم پر کشمیر کی آواز اٹھائی، ذوالفقارعلی بھٹو سمیت پیپلز پارٹی نے ہر سطح پر کشمیر کے لیے آواز اٹھائی، بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی ہم نے اس کو منہ توڑ جواب دیا، بھارت نے دہشت گردانہ کارروائی کی ہم نے اس کے 6 جہاز گرائے، پہلے مودی سرکار اس بات کو نہیں مان رہی تھی، جب دنیا نے دیکھا پاکستان نے کس کےجہاز گرائے، ایک مہینے بعد بھارت نے اس بات کو قبول کیا ۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہناتھا کہ بھارت نے یہ حملہ تو کردیا ہے، ہم نے اقوام متحدہ میں پاکستان کا مقدمہ لڑا، ہم بھارت کو بتانا چاہتے ہیں سندھ طاس معاہدہ کو ماننا پڑے گا، کشمیر سے کراچی تک دریا کا پانی آرہا ہے، پاکستان کا پانی بند کرنےکی کوشش کی تو اس کومنہ توڑ جواب دیا جائے گا۔






















