چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مشن کی رکن نابینا سفارت کار صائمہ سلیم سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقات نہایت خوشگوار اور حوصلہ افزا ماحول میں ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے صائمہ سلیم کی بین الاقوامی سفارت کاری میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی بصارت سے محرومی کے باوجود جس عزم اور لگن سے عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کیا، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے صائمہ سلیم کے حوصلے، استقلال اور صلاحیتوں کو ملک کی نوجوان نسل، خصوصاً معذور افراد کے لیے ایک روشن مثال قرار دیا۔آرمی چیف نے اس موقع پر پاک فوج کی جانب سے معذور افراد کی حمایت اور ان کے قومی ترقی میں کردار کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
صائمہ سلیم نے آرمی چیف کو اقوام متحدہ میں اپنی سفارتی ذمہ داریوں اور پاکستان کو درپیش چیلنجز پر بریفنگ دی۔ اوراقوام متحدہ میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے مؤقف اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔
آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے صائمہ سلیم کی ان کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کر رہی ہیں اور ان کا کام خطے میں بھارتی جارحیت اور دہشتگردی کے خطرات کو دنیا کے سامنے لانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
ملاقات کے اختتام پر صائمہ سلیم نے اپنا ادبی کام بھی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پیش کیا، جسے آرمی چیف نے دلچسپی سے دیکھا اور ان کے ادبی ذوق کو بھی سراہا۔






















