فلپائن کے شہر مکاتی میں ایک خاتون کے گٹر سے رینگتے ہوئے نکلنے کی ویڈیو اور تصاویر نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا۔
اس واقعے نے نہ صرف دیکھنے والوں کو حیرت اور خوف میں مبتلا کیا بلکہ ایک ایسی پوشیدہ حقیقت کو بھی سامنے لایا جو اب تک منظر عام سے اوجھل تھی۔
یہ واقعہ دن دہاڑے پیش آیا جب ایک خاتون جسے مقامی میڈیا نے بعد میں "روز" کا نام دیا، گٹر سے باہر نکلتی ہوئی نظر آئی اور بعد میں اسے فلپائن میں "مول وومن" کا لقب دیا گیا۔
یہ منظر ایک راہگیر فوٹوگرافر ویلیم رابرٹس نے اپنے کیمرے میں قید کر لیا اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں جن لوگوں نے طرح طرح کے تبصرے اور قیاس آرائیاں شروع کر دیں۔
واقعہ کی حقیقت
تحقیقات سے پتہ چلا کہ یہ کوئی اتفاقیہ واقعہ نہیں بلکہ فلپائن کے بڑے شہروں میں زیر زمین سیوریج نظام میں رہنے والے افراد کی زندگی کا ایک دردناک عکاس ہے۔
روز ان 15 افراد میں شامل تھی جو مکاتی کے مہنگے علاقوں کے نیچے واقع گٹروں میں رہائش پذیر تھے اور یہ لوگ انتہائی کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں۔
حکومتی اقدامات
واقعے کے منظر عام پر آنے کے بعد فلپائن کی حکومت نے فوری طور پر روز کو تلاش کیا اور اسے 80 ہزار فلپائنی پیسو (تقریباً 1435 امریکی ڈالر) کی مالی امداد فراہم کی اور ساتھ ہی اسے اعزازی "سوشل ورکر" کا لقب دیا گیا تاکہ وہ دیگر بے گھر افراد سے رابطہ کر کے ان کی مدد کر سکے۔
تاہم، اس واقعے کے بعد پولیس کی گشت اور کارروائی کے خوف سے گٹروں میں رہنے والے دیگر افراد غائب ہو گئے۔






















