وزیر خزانہ بلوچستان نے کہا ہے کہ نئے مالی سال کا بجٹ 51 ارب روپے سر پلس کا ہے، بجٹ میں تعلیم، صحت اور امن و امان کو ترجیحی دی گئی ہے جبکہ 6 ہزار نئی اسامیاں بجٹ کا حصہ ہے۔
کوئٹہ میں وزیر خزانہ بلوچستان شعیب نوشیروانی نے پوسٹ بجٹ بریفنگ میں کہا کہ مالی سال 26-2025ء کے بجٹ کا کل حجم ایک ہزار 28 ارب روپے ہے، کل اخراجات کا تخمینہ 986.5 ارب روپے ہے، بجٹ 51.5 ارب روپے سرپلس کا ہے، وفاقی محاصل 801 ارب، صوبائی محاصل 101 ارب روپے ہیں، بیرونی منصوبہ جات تعاون کی مد میں 37.8 ارب روپے ملیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کا بجٹ 51 ارب روپے سرپلس ہے، رواں مالی سال جاری 3 ہزار 633 ترقیاتی اسکیموں کیلئے 141.9 ارب روپے جبکہ نئی 2 ہزار 550 ترقیاتی اسکیموں کیلئے 137.6 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم کیلئے 149 ارب، صحت کیلئے 87 ارب جبکہ امن و امان کیلئے 86 ارب 70 کروڑ روپے سے زائد کی رقم مختص کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں تعلیم، صحت اور امن و امان کو ترجیحی دی گئی ہے جبکہ 6 ہزار نئی اسامیاں بجٹ کا حصہ ہیں۔





















