وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان سے ایم ڈی سوزوکی موٹرز ہیروشی کاوامورا نے ملاقات کی جس دوران آٹو انڈسٹری پر سیلز ٹیکس میں اضافے کے اثرات پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔
اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں بجٹ اور نئی ٹیرف پالیسی پر مشاورت کی گئی۔سوزوکی موٹرز کے مطابق آٹھ سو پچاس سی سی سے کم گاڑیوں پر سیلز ٹیکس بارہ اعشاریہ پانچ فیصد سے بڑھا کر اٹھارہ فیصد کرنا انڈسٹری کے لیے نقصان دہ ہوگا۔کم قیمت گاڑیوں پر ٹیکس کا بوجھ بالآخر صارفین پر پڑتا ہے۔گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے سے نہ صرف انڈسٹری متاثر ہوگی بلکہ صارفین کی مشکلات بھی بڑھیں گی۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف آٹو انڈسٹری کی ترقی کے لیے پُرامید ہیں۔وزیراعظم انڈسٹری کو درپیش چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ چیلنجز ضرور ہوں گے لیکن ترقی کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔آٹو انڈسٹری روزگار کی فراہمی اور مقامی مینوفیکچرنگ کی بنیاد ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ وزیراعظم آٹو انڈسٹری کو کبھی ڈوبنے نہیں دیں گے۔






















