بلاول بھٹو نے یورپین تھنک ٹینک کو خطے کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایران پر اسرائیل کے حملے کی مذمت کرتے ہیں، عالمی برادری خطے میں جنگ فوری رکوائے، مودی حکومت نے پہلگام واقعے کے تاحال ثبوت نہیں دیئے، پاک،بھارت جنگ بندی کیلئے عالمی برادری کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کا کہناتھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام مسائل بات چیت سےحل کرنے کا خواہاں ہے، انسداد دہشتگردی اور مسئلہ کشمیر پر بات چیت کیلئے تیار ہیں، سندھ طاس جیسے معاہدے کمزور ہوئے تو علاقائی امن کمزور ہو گا، معاہدہ معطل کرنا خطے کے امن کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے،ماحولیاتی وسائل کو ہتھیار بنانا خطرناک ہو سکتا ہے، بھارت نے سندھ طاس معاہدہ غیرقانونی طور پر معطل کیا، پاکستان نے پہلگام واقعے کی آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کی، پاکستانی پیشکش کے جواب میں بھارت نے بلااشتعال جارحیت کی، کشیدگی میں پاکستان نے جارحانہ اقدامات کے جواب میں تحمل سے کام لیا، بھارتی حملوں کے جواب میں پاکستان نے دفاع کا حق استعمال کیا۔






















