وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملہ انتہائی غیرذمہ دارانہ عمل اور باعث تشویشناک ہے۔ حملے میں جانی نقصان پر ایرانی عوام سے ہمدردی ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اسرائیل کے ایران پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حملہ سنگین اور انتہائی غیرذمہ دارانہ عمل اور باعث تشویشناک ہے، ایران پر بلااشتعال اسرائیلی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ یہ اقدام پہلے سے غیرمستحکم خطے کو مزید خطرات سے دوچار کرے گا، اسرائیلی حملے سے علاقائی اور عالمی امن کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ بین الاقوامی برادری اوراقوام متحدہ فوری اقدامات اٹھائیں۔
واضح رہے کہ اسرائیلی حملے میں ایرانی آرمی چیف، پاسداران انقلاب کے سربراہ اور ایران کے 6 ایٹمی سائنسدانوں کی شہادت کی تصدیق ہوگئی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملے میں ایران کے 6 ایٹمی سائنسدان شہید ہوئے، حملے میں سائنسدان مہدی تہرانچی، فریدون عباس، مطلبی زادہ ، عبد الحمید منوچھر، احمد رضا ذوافقاری، سید امیر حسین فقہی شہید ہوگئے۔
اسرائیلی حملے میں ایرانی آرمی چیف جنرل محمد باقری اور پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی سمیت اہم کمانڈرز بھی شہید ہوگئے۔ سپریم لیڈر کی سیکیورٹی پر مامور القدس فورس کے سربراہ جنرل اسماعیل قانی بھی شہدا میں شامل ہیں۔





















