بھارتی ریاست گجرات کے احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب برطانیہ جانے والا مسافر طیارہ گر کرتباہ ہوگیا، 241 مسافر ہلاک ہوگئے جبکہ ایک شخص زندہ بچا ہے تاہم وہ شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہے۔ حکام کے مطابق اب تک 204 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، طیارہ آبادی پر گرنے سے دیگر 5 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوئے ہیں، اموات مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق طیارے میں 242 افراد سوار تھے۔ طیارہ احمد آباد ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد رہائشی علاقے میں گرگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثے میں تمام 242 افراد کی ہلاکت کا اعلان کردیا گیا۔ پولیس چیف احمد آباد کا کہنا ہے کہ اب تک 204 افراد کی لاشیں مل چکی ہیں، ہلاک ہونے والوں میں مسافر اور زمین پر موجود افراد شامل ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثے میں 25 افراد زخمی بھی ہوئے، جو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق طیارے میں سوار 242 افراد میں سے 169 بھارتی، 53 برطانوی، ایک کینیڈین، اور 7 پرتگال کے شہری تھے۔ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں 11 بچے بھی سوار تھے۔
انڈین ڈی جی سول ایوی ایشن کے مطابق ایئر انڈیا کا بوئنگ 787 طیارہ ٹیک آف کرنے کے فوراً بعد حادثے کا شکار ہو گیا، طیارے میں 242 افراد سوار تھے، جن میں 2 پائلٹس اور 10 کیبن کریو شامل تھے۔ طیارہ رن وے سے روانگی کے فوراً بعد ہوائی اڈے کی حدود سے باہر زمین پر گرگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق طیارے میں گجرات کے سابق وزیراعلیٰ وجے روپانی بھی سوار تھے، حادثے کے بعد احمد آباد ایئرپورٹ کی پروازیں معطل کردی گئیں۔
تازہ اطلاعات کے مطابق ایئر اںڈیا کا طیارہ میڈیکل کالج ہاسٹل پر گرا، حادثے کے وقت ہاسٹل میں لنچ کا وقت تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق زیادہ نقصان ہاسٹل کے میس کو پہنچا ہے، کئی میڈیکل طلباء اور ڈاکٹرز میس میں موجود تھے، ہاسٹل پر طیارہ گرنے کی وجہ سے 5 ایم بی بی ایس اسٹوڈنٹس ہلاک اور کئی زخمی ہوئے ہیں، ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ فلائٹ ریڈار کے مطابق اڑان کے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں 625 فٹ کی بلندی پر طیارے سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔





















