ویسٹ انڈیز کے سابق وائٹ بال کپتان نکولس پورن نے 29 سال کی عمر میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق نکولس پوران نے 61 ون ڈے میچز میں 1983 رنز اور 106 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 2275 رنز بنائے اور وہ ویسٹ انڈیز کے سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے والے اور سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔
حال ہی میں پوران نے انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز ٹیم میں شمولیت سے انکار کیا تھا اور وہ 2023 ون ڈے ورلڈ کپ کوالیفائرز کے بعد ون ڈے میچز میں نظر نہیں آئے۔
گزشتہ سال نومبر میں اپنی 100ویں ٹی ٹوئنٹی کیپ کے موقع پر انہوں نے مزید 100 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کی خواہش ظاہر کی تھی جس سے ان کا یہ فیصلہ حیران کن ہے۔
پیر کو سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں پوران نے لکھا کہ گہرے سوچ و فکر کے بعد میں نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے، اس کھیل نے مجھے خوشیاں، مقصد، ناقابل فراموش یادیں اور ویسٹ انڈیز کے لوگوں کی نمائندگی کا موقع دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کپتان کے طور پر ٹیم کی قیادت کرنا میرے لیے ایک اعزاز رہا۔
پوران نے 2016 میں پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ویسٹ انڈیز کے لیے ڈیبیو کیا اور تین سال بعد 2019 میں انگلینڈ کے خلاف پہلا ون ڈے کھیلا۔
کرکٹ ویسٹ انڈیز نے ایک بیان میں کہا کہ ہم نکولس پوران کے ویسٹ انڈیز کرکٹ کے لیے شاندار تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہیں اور ان کی کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔






















