ورلڈکپ کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دینے کے بعد پاکستان کی ٹیم اگلے میچ میں انگلینڈ کا سامنا کرنے کیلئے کولکتہ پہنچ گئی ہے لیکن دلچسپ امر یہ ہے کہ جیسے ہی قومی ٹیم جہاز میں سوار ہوئی تو بھارتی ایئر لائن کے عملے نے انوکھے انداز میں استقبال کر کے سب کو حیران کر دیا ۔
قومی ٹیم کو ایئر پورٹ پر خصوصی پروٹوکول دیا گیا اور جب کھلاڑی جہاز میں سوار ہوئے تو جہاز کو اندر سے سبز رنگ کی لائٹوں سے سجایا گیا تھا جو کہ ایئر لائن کی جانب سے نیوزی لینڈ کے خلاف فتح پر ایک طرح سے مبارک باد پیش کرنے کا انداز تھا ۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 402 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں جب پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا توچندہی رنز پر عبداللہ شفیق آوٹ ہو گئے جس کے بعد بابر میدان میں اتر تو فخر زمان نے نیوزی لینڈ کے باولرز پر لاٹھی چارج شروع کر دیا ، بہترین بلے بازی کی بدولت پاکستان مقررہ حد سے 10 رنز آگے تھا لیکن بارش نے کھیل بگاڑ دیا ۔ کچھ دیر کے بعد بارش رکی تو میچ کو ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت 41 اوورز میں محدود کر دیا گیا اور ٹارگٹ بھی بدل گیا ۔ فخر زمان نے ایک مرتبہ پھر چھکوں کی بارش کر دی جس سے پاکستان کو بڑا سہارا ملا۔ دوبارہ بارش آنے پر پاکستان مقررہ حد سے 21 رنز زائد بنا چکا تھا تاہم بارش نہ رکنے پر پاکستان کو فاتح قرار دیا گیا ۔