پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر عدالت بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کو ضمانت پر رہا کردے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔
پیر کے روز برطانوی ٹی وی کو دیے گئے اپنے انٹرویو میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عدالت بانی پی ٹی آئی کو ضمانت پر رہا کر دے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں کیونکہ ضمانت اُن کا حق ہے اور میں اور میری پارٹی اس کو چیلنج نہیں کریں گے ۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر کیس کا ایک قانونی طریقہ کار ہے اور یہ بھی اسی عمل کا حصہ ہے۔
تھنک ٹینک انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک سٹڈیز سے خطاب
علاوہ ازیں تھنک ٹینک انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک سٹڈیز سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے جامع مذاکرات کیلئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے، بھارت کی جانب سے پانی بندش کی دھمکی جنگ کے مترادف ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے اور خطے کے پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر حل طلب ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ دہشتگردی پر بات کرنے کیلئے تیار ہے اور حالیہ کشیدگی کے بعد بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات چاہتے ہیں، ہم نے دہشتگردی کے خلاف موثر اقدامات اٹھائے ہیں اور پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دے کر کامیابی حاصل کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے اور پاکستان کے عوام کا دشمن ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے، مسائل کا حل جنگ میں نہیں مذاکرات میں ہے اور پاکستان تمام تنازعات پر بات چیت کیلئے تیار ہے جبکہ بھارت سے تجارت بھی کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت پہلگام واقعے کی تحقیقات اور امریکی صدر کی ثالثی کے کردار سے انکاری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مسائل حل نہ ہوئے تو آنے والی نسلیں بھی لڑتی رہیں گی۔






















