حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے اقتصادی سروے 2024-25 کے مطابق تعلیمی شعبے میں بہتری کے مثبت اثرات سامنے آئے ہیں جس میں اسکولوں میں داخلوں اور خواندگی کی شرح میں قابل ذکر اضافہ ہوا ہے۔
اقتصادی سروے کے مطابق پرائمری اسکولوں میں بچوں کے داخلے کی شرح میں 3.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 2023 میں پرائمری اسکولوں میں طلبہ کی تعداد 2 کروڑ 38 لاکھ 61 ہزار تھی جو 2024 میں بڑھ کر 2 کروڑ 48 لاکھ 30 ہزار ہو گئی۔
اسی طرح مڈل اسکولز میں داخلے کی شرح میں 4.7 فیصد اضافہ دیکھا گیا جبکہ 2023 میں مڈل اسکولز میں طلبہ کی تعداد 94 لاکھ 30 ہزار تھی جو 2024 میں بڑھ کر 96 لاکھ 80 ہزار ہو گئی۔
ہائر ایجوکیشن کے شعبے میں بھی 3.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے واضح ہوتا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کا رجحان بھی بڑھ رہا ہے۔
اسکولز کی مجموعی تعداد بھی بڑھی ہے اور 2023 میں ملک بھر میں اسکولز کی تعداد 42 لاکھ 20 ہزار تھی جو 2024 میں بڑھ کر 48 لاکھ 90 ہزار ہو گئی۔
شرح خواندگی کے حوالے سے سروے میں بتایا گیا ہے کہ 2023 میں دیہی علاقوں میں شرح خواندگی 51.56 فیصد جبکہ شہری علاقوں میں یہ شرح 74.9 فیصد رہی۔
دیہی علاقوں میں مردوں کی شرح خواندگی 61.2 فیصد، خواتین کی 41.62 فیصد اور خواجہ سراؤں کی 32 فیصد رہی۔
شہری علاقوں میں خواجہ سراؤں کی شرح خواندگی 42.4 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ مجموعی طور پر خواجہ سراؤں میں شرح خواندگی 40.15 فیصد رہی۔
پنجاب
پنجاب میں شرح خواندگی 66.25 فیصد رہی، مردوں میں شرح 71.98، خواتین میں 60.19 اور خواجہ سراؤں میں 41.3 فیصد رہی۔
دیہی علاقوں میں مردوں کی شرح 65.9 اور خواتین کی 50.51 فیصد رہی۔
سندھ
سندھ میں مجموعی شرح خواندگی 57.94 فیصد رہی، دیہی علاقوں میں شرح 38.14 اور شہری علاقوں میں 72.26 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
دیہی خواتین کی شرح خواندگی 27 فیصد اور مردوں کی 48.6 فیصد رہی جبکہ دیہی علاقوں میں خواجہ سراؤں کی شرح 27 فیصد اور شہری علاقوں میں 39.28 فیصد رہی۔
خیبرپختونخوا
شرح خواندگی 51 فیصد ریکارڈ کی گئی، مردوں میں 62.55، خواتین میں 33.76 اور خواجہ سراؤں میں 39.26 فیصد شرح خواندگی رہی۔
دیہی علاقوں میں مجموعی شرح خواندگی 48 فیصد اور شہری علاقوں میں 65.55 فیصد رہی۔
بلوچستان
شرح خواندگی 42 فیصد رہی، مردوں میں 50، خواتین میں 32 اور خواجہ سراؤں میں 24 فیصد رہی۔
دیہی علاقوں میں شرح 35.74 فیصد جبکہ شہری علاقوں میں 55.86 فیصد ریکارڈ کی گئی۔




















