وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اقتصادی سروے 25-2024 کے مطابق تعلیم کے شعبے پر مجموعی قومی پیداوار (GDP) کا محض 0.8 فیصد خرچ کیا گیا۔ سروے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملک میں شرح خواندگی 60.6 فیصد رہی۔
دستاویز کے مطابق مردوں کی شرح خواندگی 68 فیصد جبکہ خواتین کی شرح خواندگی 52.8 فیصد ریکارڈ کی گئی، یعنی مرد خواتین سے 16 فیصد زیادہ تعلیم یافتہ ہیں۔
اقتصادی سروے میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں اس وقت یونیورسٹیوں کی کل تعداد 269 ہے، جن میں سے 160 سرکاری اور 109 نجی یونیورسٹیاں ہیں۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے تحت اعلیٰ تعلیم کے شعبے پر 61 ارب 10 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یونیورسٹی سطح پر پی ایچ ڈی فیکلٹی ممبرز کی شرح 37.97 فیصد ہے۔






















