عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے رواں ماہ ہونے والے فیفا کلب ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کردیا۔
40 سالہ پرتگالی اسٹار کا سعودی کلب النصر کے ساتھ معاہدہ اس ماہ ختم ہونے جا رہا ہے اور النصر اس ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا ہے۔
رونالڈو کی قیادت میں النصر کسی بڑے ٹائٹل جیتنے میں کامیاب نہ ہو سکا اور نہ ہی فیفا کلب ورلڈ کپ یا ایشین چیمپئنز لیگ میں جگہ بنا پایا۔
فیفا کے صدر نے پہلے اشارہ دیا تھا کہ اگر النصر کوالیفائی نہ کر سکا تو رونالڈو کسی دوسری کوالیفائی کرنے والی ٹیم کے ساتھ ایونٹ میں حصہ لے سکتے ہیں تاہم، رونالڈو نے واضح کیا کہ وہ اس ٹورنامنٹ میں شریک نہیں ہوں گے۔
رونالڈو کا کہنا ہے کہ انہیں کئی کلبز سے کھیلنے کی پیشکشیں موصول ہوئیں جن میں سے کچھ کافی پرکشش تھیں لیکن انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ ہر پیشکش قبول نہیں کر سکتے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں لکھا تھا، "دی چیپٹر از اوور" اور یہ پوسٹ انہوں نے النصر کے لیے سیزن کا آخری میچ کھیلنے کے بعد کی تھی۔
This chapter is over.
— Cristiano Ronaldo (@Cristiano) May 26, 2025
The story? Still being written.
Grateful to all. pic.twitter.com/Vuvl5siEB3
دوسری جانب ذرائع کے مطابق النصر رونالڈو کے معاہدے کو توسیع دینے کی کوششوں میں مصروف ہے اور اسے کامیابی کی امید ہے۔
رونالڈو نے النصر کی جانب سے 111 میچز کھیلے اور 99 گول اسکور کیے ہیں۔
واضح رہے کہ فیفا کلب ورلڈ کپ رواں ماہ امریکا میں منعقد ہوگا جس میں 32 ٹیمیں حصہ لیں گی۔






















