پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آلراؤنڈر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ سیاست لوگوں کی خدمت کا نام ہے اور وہ اپنی فاؤنڈیشن کے ذریعے سیاست کر رہے ہیں۔
حال ہی میں قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سماء پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے میزبان بشریٰ خان کے دلچسپ سوالات کے جواب دیئے۔
پوڈ کاسٹ کے دوران میزبان کی جانب سے سابق کپتان سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ کا مستقبل میں سیاست میں آنے کا ارادہ ہے ؟ جس پر انہوں نے بتایا کہ میں سیاست کر رہا ہوں۔
اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ’ سیاست خدمت کا نام ہے اور میں اپنی فاؤنڈیشن کے ذریعے سیاست کر رہا ہوں‘، سیاستدانوں پر بھی اپنی سیاست کے ذریعے ملک کی خدمت کرنے کی ہی ذمہ داری ہوتی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کی خدمت کرنا میری دوسری اننگ ہے اور مجھے امید ہے کہ انشاءاللہ میں اس میں ناٹ آؤٹ رہوں گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کے لئے مختلف عبادات ہیں، ساری عبادات اپنی جگہ، لیکن انسانیت کی خدمت کرنا بہت بڑی بات ہے، یہ وہ خدمت ہے جسے میں الفاظ میں نہیں بیان نہیں کر سکتا تاہم اس کا اطمینان دل کے اندر محسوس ہوتا ہے۔