پی ٹی آئی کی بانی اور بشریٰ بی بی کی ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کیس میں سزائیں معطل ہونے کی امید پوری نہ ہو سکی،اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب کو اسپیشل پراسیکیوٹر کی تعیناتی کیلئے گیارہ جون تک مہلت دیدی ۔
قائم مقام چیف جسٹس سردارسرفراز ڈوگر اور جسٹس آصف کے روبرو سماعت میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نےکہا سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کی تاریخ منتوں،مرادوں اور دعاؤں کےبعد ملی ہے،ٹرائل کورٹ سےسزا ہوئے 6 ماہ گزر چکے،اپیل سنے بغیر 6 ماہ سے میاں بیوی کو اندر رکھا ہوا ہے۔
نیب پراسیکیوٹررافع مقصود نےمؤقف اپنایا مجھےگزشتہ رات اس کیس کا نوٹس ملا ہے،اسپیشل پراسیکیوٹر کی تعیناتی کیلئے 4ہفتوں کا وقت دیدیں۔قائم مقام چیف جسٹس نےکہاآپ پراسیکیوشن ٹیم کی تعیناتی کیلئے 7 دن لے لیں ۔ نیب کےوکیل نے جواب دیا وزارت قانون سے خط و کتابت کیلئے 4 ہفتے ہی چاہییں،وکیل سلمان صفدر نے نیب کی استدعا پر افسوس کا اظہار کیا۔
عدالت نےنیب پراسیکیوشن ٹیم 7 دن میں نوٹیفائی کرنےکی ہدایت کی،نیب پراسیکیوٹر نےاصرار کیا کہ کم ازکم چودہ دن کا وقت ضرور دیں،بیرسٹر سلمان صفدر نےکہا پھر چاہیں تو انہیں 4 سال دے دیں،بانی پی ٹی آئی کیخلاف اسپیشل ٹیم لانا چاہتےہیں تو ضرور لائیں ہم گھبرانے والے نہیں ۔ عدالت نے 11 جون تک نیب اسپیشل پراسیکیوٹر تعینات کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔






















