وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے ترکمانستان کے وزیر ٹرانسپورٹ ممیت خان چاکیو کی تہران میں ملاقات ہوئی جس دوران دونوں ممالک میں باہمی تعاون کے فروغ اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ وسط ایشیائی ریاستوں تک زمینی راستے پاکستان کی ترجیح ہیں، خطے میں تجارت کے فروغ کیلئے ٹریڈ کوریڈور بنانا ہوں گے۔ ترکمانستان کے وزیر ٹرانسپورٹ ممیت خان چاکیو نے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان سے تجارت اور تعلقات میں فروغ چاہتے ہیں۔
عبدالعلیم خان سے ازبکستان کے وزیر ٹرانسپورٹ الخوم محکموف نے بھی ملاقات کی جس دوران وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ پاکستان کیلئے وسط ایشیائی ریاستیں یورپ کے لئے ’’گیٹ وے‘‘ ہیں، ریل اور روڈ سے دیگر ممالک سے ٹریڈ میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔
ازبکستان کے وزیرٹرانسپورٹ الخوم محکموف نے پاکستان سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔ وزراء نے آپس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ای سی او کے اجلاس میں شریک ممالک مزید نزدیک آئیں گے۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ، دونوں وزراء نے ایک دوسرے کے لئے گرم جوشی کا اظہار کیا اور تحائف کا بھی تبادلہ ہوا ۔






















