چئیرمین ویژن گروپ و سما ٹی وی عبدالعلیم خان نے حسب روایت، عیدالفطر کی طرح عیدالاضحیٰ پر بھی سماء فیملی کو بونس دینے کا باضابطہ اعلان کرکے ملازمین کی عید کی خوشیوں کو دوبالا کردیا ہے۔
چیئرمین عبدالعلیم خان نے لاہور میں سماء ہیڈ آفس کے دورہ کے دوران شعبہ نیوز کی بہترین کارکردگی ، بالخصوص پاک، بھارت جنگ کے دوران نان اسٹاپ میراتھن نشریات کو سراہا اور شاباش و مبارکباد پیش کرتے ہوئے عید بونس کا اعلان کیا۔
اس موقع پر صدر سما ٹی وی ندیم ملک، سی ای او جناب جنید امین اور ڈائریکٹر نیوز طارق محمود موجود تھے۔
ایسے وقت میں جب میڈیا کی صنعت میڈیائی سیٹھوں کی روایتی سوچ کے سبب میڈیا کارکنوں کے لیے اینٹوں کا بھٹہ بن چکی ہے، میڈیا کارکنوں کی کئی کئی ماہ کی تنخواہ دبا کر ان سے بیگار لی جارہی ہے ، وہیں چیئرمین ویژن گروپ عبدالعلیم خان صاحب کی سرپرستی میں چلنے والا سماء ٹی وی ، میڈیا صنعت میں پھیلنے والے تاریکی میں امید اور یقین کی ایک روشن مثال ہے۔
کاش تمام نیوز چینلز اور اخبارات کے مالکان کی سوچ میں بھی مثبت تبدیلی آئے ، وہ کارکنوں کی کئی کئی مہینے کی بقایا تنخواہیں ادا کریں ، انہیں عید پر بھی تنخواہ سے محروم نہ رکھیں بلکہ عبدالعلیم خان صاحب کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انہیں ہر ماہ کی پہلی تاریخ پر تنخواہ اور عیدوں پر بونس بھی دیں۔
سماء کو اپنی حقیقی فیملی سمجھنے اور ثابت کرنے پر سماء فیملی چیئرمین عبدالعلیم خان صاحب کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ تعالی سماء ٹی وی کو نظر بد سے بچائے اور تمام انتظامیہ و کارکنوں کی محنت و لگن سے اسے بلا شرکت غیرے پاکستان کا نمبر ون چینل بنائے۔
پوری سماء فیملی عبدالعلیم خان صاحب اور ان کے اہلخانہ کے لیے دعاگو ہے کہ چیئرمین ویژن گروپ جتنے اپنے کارکنوں پر مہربان ہیں اللہ تعالیٰ اس سے لاکھوں گنا زیادہ عبدالعلیم خان صاحب پر دنیا و آخرت میں مہربان ہو۔
اللہ تعالی ان کے تمام خاندان پر ہمیشہ اپنی رحمتوں کا سایہ رکھے ، انہیں صحت و سلامتی والی عمردراز عطا کرے۔ آمین






















