وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مرتبہ پھر پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند ہوگئے، آہنی عزم، ہنر مندی اور مضبوط ارادے چیمپئن بناتے ہیں۔
پاکستان کے ایتھلیٹ ارشد ندیم نے اولمپکس کے بعد ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا، انہوں نے 86.40 تھرو کرکے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ دوبارہ گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ پوری قوم آپ کو مبارکباد دیتی ہے، الحمد اللہ! ایک مرتبہ پھر پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم جیسے نوجوان ہمارا سرمایہ افتخار ہیں، بھارتی کھلاڑی کو ہرانا پاکستان کیلئے دوہری خوشی کا باعث ہے، ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ پاکستان کیلئے اعزاز کا باعث بنی۔
وفاقی وزیر مواصلات کا کہنا ہے کہ سیسہ پلائی ہوئی قوم کے فرزند نے اللہ کی مدد سے سونے کا تمغہ جیتا، آہنی عزم، ہنر مندی اور مضبوط ارادے چیمپئن بناتے ہیں، شاباش نوجوانوں! پوری قوم کو آپ پر ناز ہے۔





















