بلوچستان کے ضلع سوراب میں فتنتہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے بینک اورسرکاری افسر کے گھر پر حملہ کردیا اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) ریونیو ہدایت بلیدی دہشت گردوں سے لڑتے ہوئےشہید ہوگئے۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کےمطابق سوراب میں بینک اورانتظامی آفیسرکی رہائشگاہ پرحملہ ریاستی رٹ چیلنج کرنے کی مذموم کوشش ہے،سوراب بازارمیں بینک لوٹا گیا اور سرکاری افسران کے گھر جلائے گئے۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ حملےمیں اے ڈی سی ریونیو ہدایت بلیدی نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا،وطن کے سپاہی نے جان کا نذرانہ دے کربہادری کی نئی مثال قائم کی، اے ڈی سی رہائش گاہ پرخواتین اور بچے موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر سوراب کا کہنا ہے کہ صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے فورسز کو فوری طور پر شہر میں تعینات کردیا گیا ہے،حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہےکہ بھارت کی پراکسیز نے بھارت کی ایما پر کارروائی کی تاہم ریاست دشمن عناصرکی ہرکوشش ناکام بنائیں گے، ۔
صدرمملکت آصف علی زرداری کی مذمت
صدرمملکت آصف علی زرداری نے سوراب میں دہشتگردوں کےحملےکی شدید مذمت کی ہے،انہوں نےشہید ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوراب ہدایت اللہ بلیدی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئےلواحقین کیلئےصبرجمیل کی دعا کی ہے۔
انہوں نے کہا بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد ملک میں بدامنی پھیلانا چاہتےہیں،بھارتی پراکسیز کےمذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سیکیورٹی فورسزدہشت گردی کےقلع قمع کیلئےکارروائیاں کررہی ہیں،پوری قوم دہشت گردی کےخلاف متحد ہے، دہشتگردی کےخاتمےتک فتنتہ الہندوستان کیخلاف کاروائیاں جاری رہیں گی۔




















