ملک میں برف پگھلنے اور حالیہ بارشوں کے باعث آبی ذخائر کی صورتحال میں بہتری آ گئی ۔ دو ماہ کے دوران ڈیمز میں پانی پینتیس فیصد تک بھر گیا،قابل استعمال پانی کا ذخیرہ 45 لاکھ 28 ہزار ایکڑ فٹ پر آگیا۔
تفصیلات کےمطابق ملک بھر میں برف پگھلنے اور بارشوں نے آبی ذخائر پر مثبت اثرات ڈالے ہیں،ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ایک کروڑ 30 لاکھ ایکڑفٹ ہے،مارچ کے آخرمیں آبی ذخائر میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ صفرہوگیا تھا، تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 76 فٹ تک بلند ہوئی،مارچ کےآخر میں تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1402 فٹ پرتھی،آج تربیلا میں پانی کی سطح 1478 فٹ ہے۔
اس کے علاوہ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 111 فٹ بلند ہوئی،جبکہ مارچ میں منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1050 فٹ تھی، اس وقت منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1161 فٹ ہے ،چشمہ بیراج میں مارچ میں پانی کی سطح 638 فٹ تھی ،آج چشمہ بیراج میں پانی کی سطح 648 فٹ ہے۔






















