پولیس ذرائع کے مطابق پاک ایران سرحد کے قریب سونڈی کے علاقے میں قائم ایک عارضی چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے اچانک حملہ کر دیا۔ حملے کے نتیجے میں پاکستان کوسٹ گارڈز کے دو اہلکار شہید ہو گئے۔
پولیس کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق گوادر میں پاک ایران سرحد کے قریب واقع ساحلی علاقے سونڈی میں دہشتگردوں کی جانب سے اچانک حملہ کیا گیا، جس میں کوسٹ گارڈز کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔ شہداء کی شناخت انصر اور افتخار شاہ کے ناموں سے ہوئی ہے ۔
واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہےجائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ حملہ آور بھاگنے میں کامیاب ہوگئے ہیں ان کی تلاش جاری ہے حملے کی نوعیت اور محرکات کے حوالے سے بھی تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ سونڈی کا علاقہ پاک ایران سرحد کے قریب واقع ہے اور ماضی میں یہاں سیکیورٹی فورسز کو متعدد چیلنجز کا سامنا رہا ہے حالیہ واقعہ ایک بار پھر سیکیورٹی انتظامات پر سوالیہ نشان بن گیا ہے شہید اہلکاروں کی لاشیں مقامی اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، جہاں ضروری کارروائی کے بعد ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کیا جائے گا۔






















