وفاقی سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال نے کہا ہے کہ نئے مالی سال کا بجٹ 10 جون کو ہی پیش کیا جائے گا۔
میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال کا کہنا تھا کہ قومی اقصادی کونسل کے اجلاس کی تاریخ تبدیل ہوسکتی ہے جبکہ اے پی سی سی کے اجلاس کی تاریخ کا تعین ابھی تک نہیں ہوا۔
سیکرٹری خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے ورچوئل مذاکرات آج پھر ہوں گے جن میں تنخواہ دار طبقے اور صنعتی شعبے کو ریلیف دینے پر بات ہوگی۔
امداد اللہ بوسال کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں نئے سال کے بجٹ اہداف اور ممکنہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے بجٹ کو انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کی مشاورت سے حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
دوسری جانب وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے بھی کہا ہے کہ بجٹ 10 جون کو ہی پیش کیا جائے گا۔
سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ نئے مالی سال کا بجٹ 10 جون کو ہی پیش کیا جائے گا جبکہ موجودہ مالی سال کا قومی اقتصادی سروے 9 جون کو جاری ہو گا۔




















