فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکی مشرق وسطیٰ کے ایلچی اسٹیو وٹکاف کے ساتھ غزہ میں جنگ بندی کے عمومی معاہدے پر اتفاق کر لیا ہے۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق ٹیلی گرام پر جاری ایک بیان میں حماس نے کہا کہ معاہدے میں غزہ سے قابض افواج کا مکمل انخلا، علاقے میں امداد کی بلا روک ٹوک ترسیل اور معاہدے کے اعلان کے بعد غزہ کے امور کی نگرانی کے لیے ایک پروفیشنل کمیٹی کا قیام شامل ہے۔
بیان کے مطابق معاہدے کے تحت حماس 10 اسرائیلی یرغمالیوں اور کچھ غیر متعین تعداد میں لاشوں کو حوالے کرے گی جس کے بدلے فلسطینی قیدیوں کی رہائی ہوگی۔
تاہم بیان میں فلسطینی قیدیوں کی تعداد واضح نہیں کی گئی۔
حماس نے کہا ہے کہ وہ مجوزہ معاہدے پر حتمی جواب کا انتظار کر رہی ہے۔





















