سابق سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے سماء نیوز کے پروگرام ’ ندیم ملک لائیو‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں بوکھلاہٹ ہے اور مودی کے بیانات کافی خطرناک ہیں کیونکہ ان پر جو جنگ کا بھوت سوار تھا وہ ابھی اترا نہیں ہے ، مودی کو خطرہ ہے کہ کہیں میری مقبولیت ختم نہ ہو جائے۔
مکمل پروگرام دیکھئے:
تفصیلات کے مطابق پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اعزاز احمد چوہدری کا کہناتھا کہ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ بھارت میں پاکستان دشمنی کا فائدہ انتخابات میں اٹھایا جاتاہے ،بھارتی ریاست بہار کے الیکشن نومبر میں ہیں، اس سے پہلے کہیں بھی یہ کوئی خطرناک حرکت کر سکتے ہیں، اس لیئے تیاری تو ہمیں رکھنی ہے ، ساتھ ہی ساتھ اس وقت بیانیے کی جنگ شرو ع ہو چکی ہے ، بھارت کے وفود گئے ہیں اور ہمارے بھی جائیں گے ، کچھ عرصہ اسی طرح بیان بازی کرتے رہیں گے ، اسی میں اگر بھارت کو ئی بڑا غلط فیصلہ کرلے تو اس کو دو چیزیں روک سکتی ہیں، ایک یہ کہ مودی کی مقبولیت کا گراف اتنی تیزی سے گر جائے کہ اپوزیشن ان سے پوچھنا شروع کر دے کہ آپ کو تو بندے ملے ہی نہیں ہیں اور آپ نے اتنا بڑا قدم اٹھا لیا ،دوسرا یہ کہ دنیا میں یہ جہاں کہیں جا رہے ہیں ان کو پذیرائی نہ ملے ، دنیا ان کا بیانیہ ابھی تو نہیں مان رہی لیکن اب یہ بڑی کوشش کر رہے ہیں کہ ان کا بیانیہ چلے ، اس مرتبہ دنیا کے کسی بھی ملک نے ان کے اس الزام کی تائید نہیں کی کہ یہ پاکستان نے کروایا ہے ۔
اعزاز چوہدری کا کہناتھا کہ اگر بھارت نے پاکستان کا پانی روکا تو یہ اعلان جنگ ہوگا ، پانی کے معاملے میں ہم کچھ بھی کریں گے ، یہ ہماری زندگی کا معاملہ ہے۔ ہمیں بھارتی ہینڈلرز کے خلاف سمن انٹرپول کو بھجوانے چاہیں، بھارتی ہینڈلرز کے خلاف ہمیں انٹرپول سے رابطہ کرنا چاہیے۔
وزیر مملکت برائے بلال اظہر کیانی کا کہناتھا کہ جنگ کے دوران ہمیں آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری ملی، اللہ تعالیٰ نے ہمیں فتح نصیب فرمائی، عوام نے ساتھ دیا، ہمیں نظر آگیا تھا کہ پہلگام واقعے کو بھی جواز بنایا جائے گا، پہلے بھی تیار تھے، فتح کے باوجود آج بھی تیار ہیں۔ بھارت یکطرفہ طور پر پاکستان کا پانی بند نہیں کرسکتا اگر بھارت نے پاکستان کا پانی بند کیا تو ہمارے لیے یہ ایکٹ آف وار ہوگا اور ہمارے پاس آپشنز موجود ہیں۔
اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا کا کہناتھا کہ ہمیں دفاعی اپروچ سے باہر نکلنا ہوگا، بھارت نے پہلگام واقعے کو ہمارے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی، ہم جعفر ایکسپریس حملے پر خاموش رہے، ایک مکمل ڈوزیئر ہونا چاہیے، عمران خان نے پہلا بیان دیا پاکستان کیلئے ہم اکٹھے ہیں، مودی پاگل آدمی ہے، ہم پہلے اپنا بیانیہ رکھ دیں گے تو آسانی ہوگی۔






















