پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کی بارش نے موسم کو خوشگوار کر دیا تاہم شدید آندھی اور طوفان نے نظام زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
لاہور کے علاقوں گلبرگ، ماڈل ٹاون، مال روڈ، کینٹ اور دیگر مقامات پر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بھوبتیاں چوک میں تیز آندھی کے باعث دیوار گرنے سے دو افراد، 25 سالہ عثمان اور 20 سالہ حسنین زخمی ہوگئے۔
ایدھی ترجمان کے مطابق زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
چڑیا گھر کے پارکنگ ایریا میں درخت گرنے سے متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
قصور میں تیز گرد آلود آندھی نے دن کو رات میں بدل دیا اور واپڈا کے متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی معطل ہوگئی۔
پتوکی میں بھی گرد آلود ہواؤں نے موسم کو خوشگوار بنایا تاہم دھول مٹی سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
پھولنگر میں بھی طوفانی آندھی نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا اور شہر بھر کی بجلی معطل ہوگئی۔
شرقپور شریف میں شدید طوفان سے تشہیری بورڈز گر گئے، بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں اور متعدد درخت اکھڑ گئے جس سے شہر میں اندھیرا چھا گیا۔
دوسری جانب شدید آندھی نے بجلی کے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کو بری طرح متاثر کیا ہے اور لاہور، قصور، ننکانہ، شیخوپورہ اور وسطی پنجاب کے دیگر اضلاع میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی ہے۔
این ٹی ڈی سی کی 220 کے وی لائنوں سے بجلی کی ترسیل بند ہونے سے لیسکو کو بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
موٹرویز بند
شدید طوفان کے باعث موٹروے حکام نے عوام کی حفاظت کے پیش نظر ایم-2 (ٹھوکر سے کوٹ مومن)، ایم-3 (فیض پور سے درخانہ) اور لاہور-سیالکوٹ موٹروے کو جزوی طور پر بند کر دیا تھا۔






















