اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پی ایس ایل ٹائٹل کیلئے اپنی پسندیدہ ٹیم قرار دیدیا۔ کہا کہ ثمین رانا سے اچھا تعلق ہے لیکن سرفراز احمد سے زیادہ ہے اس لیے کہوں گا کہ ان کی ٹیم جیتے۔
پاکستان سپر لیگ 10 کے دوسرے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز کے ہاتھوں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو 95 رنز کے بڑے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔
پی ایس ایل 10 کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے درمیان اتوار کو ٹائٹل کی جنگ ہوگی۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ لاہور کا وینیو اور لاہور کی ٹیم ہم پر بھاری رہی، ہم لاہور میں 5 میچز ہارے ہیں کچھ غلط کیا ہے تو ہم ہارے ہیں، آئندہ لاہور کے مطابق کھلاڑی رکھنے کی کوشش کریں گے، کمبی نیشن اچھا بن گیا تھا لیکن ہم نے غلطیاں کیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں ہمارے لئے کچھ پازیٹو بھی رہا ہے، آخری دو میچز میں اس طرح نہیں کھیلے جیسا کہ ہمیں کھیلنا چاہیے تھا، بہت سی چیزوں کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، آئندہ ضرور کریں گے، پریشر میچز میں ایسا ہوجاتا ہے، 200 رنز کا تعاقب کر رہے ہوں تو مسئلہ ہو جاتا ہے۔
شاداب خان نے کہا کہ کوشال پریرا کیخلاف ہم پلان کے مطابق بولنگ نہیں کرسکے اور 200 رنز ہوئے، بیک ٹو بیک میچز سے بولرز کو مسئلہ ہوجاتا ہے، نسیم شاہ کوالٹی پیسر ہے، اس نے میچز بھی جتوائے ہیں۔
پی ایس ایل فائن سے متعلق سوال کے جواب میں شاداب خان نے کہا کہ ثمین رانا سے اچھا تعلق ہے لیکن سرفراز احمد سے زیادہ ہے، اس لئے کہوں گا کہ ان کی ٹیم (کوئٹہ گلیڈی ایٹرز) جیتے۔






















