خضدار میں اسکول بس پر حملے میں شہید طالبات کی تعداد 4 ہوگئی، آٹھویں جماعت کی طالبہ سحر سلیم بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
بلوچستان کے علاقے خضدار میں اسکول بس پر بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کے بم حملے میں مجموعی شہداء کی تعداد 6 ہوگئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکے میں شدید زخمی آٹھویں جماعت کی طالبہ سحر سلیم دوراج علاج شہید ہوگئیں، بزدلانہ حملے میں شہید ہونیوالی طالبات کی تعداد 4 ہوگئی۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ میدان جنگ میں ذلت آمیز شکست اور ہزیمت کے بعد بھارت بزدلانہ کارروائیوں پر اتر آیا ہے، خضدار حملے کی منصوبہ بندی بھارت میں کی گئی جسے بلوچستان میں پراکسیوں نے منطقی انجام تک پہنچایا۔
ذرائع کے مطابق بھارت بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی اور بدامنی پھیلانے کیلئے پراکسیوں کا استعمال کر رہا ہے۔
دوسری جانب گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانہ خضدار میں درج کرلیا گیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق مقدمہ انتظامیہ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں دہشتگردی کی مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں۔





















