واشنگٹن میں یہودی میوزیم کے باہر فائرنگ کرکے اسرائیلی سفارتخانے کے 2 اہلکاروں کو قتل کردیا گیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا، جس نے دوران حراست فری فلسطین کے نعرے لگائے، امریکی صدر نے واقعے کی مذمت کردی۔
واشنگٹن میں یہودی میوزیم کے باہر فائرنگ کے واقعے میں اسرائیلی سفارتخانے کے دو اہلکار ہلاک ہوگئے، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے فائرنگ میں ملوث ملزم کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے دوران حراست فری فلسطین کے نعرے لگائے۔
امریکی صدر نے اسرائیلی اہلکاروں کے قتل کی مذمت کی۔ سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں ٹرمپ نے کہا کہ یہ حملہ واضح طور پر یہود دشمنی پر مبنی ہے، ایسے حملوں کو فوری طور پر بند ہونا چاہئے۔
ان کا کہنا ہے کہ نفرت اور شدت پسندی کی امریکا میں کوئی جگہ نہیں۔
امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی چیف کرسٹی نوم کا کہنا ہے کہ مجرم کو کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں مسلمانوں کی نسل کشی کا سلسلہ تقریباً دو سال سے جاری ہے، صہیونی درندگی میں اب تک 53 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔






















