لاہور سے جدہ جانے والی غیرملکی ایئرلائن کی حج پرواز میں فنی خرابی کے باعث طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی طور پر بحفاظت اتار کر مسافروں کو ہوٹل منتقل کردیا گیا
ذرائع کے مطابق لاہور سے جدہ جانے والی غیر ملکی ایئر لائن کی حج پرواز میں 2گھنٹے47منٹ پرواز کے بعد طیارے میں اچانک خرابی پیدا ہوئی، پائلٹ نے کراچی کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرتے ہوئے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت لی۔
اےٹی سی کی جانب سے اجازت ملتے ہی طیارے کو کراچی لینڈ کرا لیا گیا، لینڈنگ کے بعد مسافروں کو لاؤنج منتقل کر کے طیارہ کو گراونڈ کر دیا گیا۔
ایئر لائن انتظامیہ کا کہناتھا کہ متبادل طیارے کے انتظام تک مسافروں کو ہوٹل میں ٹھہرایا جائے گا،بوئنگ 777 طیارے میں 250 سے زائد عازمین حج سوار تھے۔






















