پاکستانی بولرز نے ایک ہی میچ میں 2 منفی ریکارڈز اپنے نام کرلئے، نیوزی لینڈ کیخلاف ورلڈ کپ کے میچ میں حارث رؤف سب سے زیادہ رنز دینے والے بولر بنے، شاہین آفریدی نے ان سے بھی زیادہ رنز دے دیئے۔
پاکستان نے ورلڈ کپ کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ کو ڈک ورتھ لوئس میتھوڈ کے تحت 21 رنز سے شکست دیدی، گرین شرٹس کو بارش سے متاثرہ میچ میں 41 اوورز میں 342 رنز کا نظر ثانی شدہ ہدف ملا تاہم بارش نے ایک بار پھر میچ روک دیا، اس موقع پر پاکستان ٹیم نے 25.3 اوورز میں ایک وکٹ پر 200 رنز بنائے تھے۔
نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں پاکستانی بولرز نے 401 رنز دیئے، جن میں حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی کے ریکارڈ رنز بھی شامل تھے۔
حارث رؤف نے ورلڈ کپ کے ایک میچ میں پاکستان کی جانب سے 10 اوور میں سب سے زیادہ 85 رنز دیئے تاہم شاہین شاہ آفریدی نے صرف 17 منٹ بعد ان سے بھی زیادہ 90 رنز دے کر یہ منفی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
اس سے قبل پاکستان کی جانب سے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز دینے کا ریکارڈ حسن علی کے پاس تھا، انہوں نے 1999ء ورلڈ کپ میں 9 اوورز میں 84 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
ایوریج کے اعتبار سے حسن علی اب بھی ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز دینے والے کھلاڑی ہیں، شاہین شاہ آفریدی نے 9 کی اوسط سے جبکہ حسن علی نے 9.3 کی اوسط سے یہ رنز دیئے ہیں۔
دوسری جانب حارث رؤ نے موجودہ ورلڈ کپ مجموعی طور پر 16 چھکے کھالئے، جو کسی بھی ورلڈ کپ میں ایک بولر کو لگنے والے سب سے زیادہ چھکے ہیں۔