آئیسکو ریجن میں طوفان اور بارش سے متعدد فیڈرز متاثر ہونے کی وجہ سے بجلی کی فراہمی معطل کر دی گئی ہے۔
ترجمان آئیسکو کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق آئیسکو ریجن میں طوفان اور بارش کے باعث متعدد فیڈرز پر فالٹ اور ٹریپنگ رپورٹ ہوئی ہے متاثرہ فیڈرز میں ممتاز اسٹیل، لوہی بھیر، میراعلیٰ، ایچ 8، آئی 9، آئی 8 مرکز اور ریلوے روڈ شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آرچرڈ اسکیم، سروس روڈ چاکرا، سہام، نیو ریس کورس، رینج روڈ، جھنگی، گولڑہ فیڈرز بھی متاثر ہوئے ہیں۔ گلستان کالونی، اسکیم 3، شاہ پور اور عسکری 14 فیڈرز پر بھی بجلی کی فراہمی متاثر ہے۔
ترجمان آئیسکو کے مطابق اٹک سرکل اور گردونواح کو بجلی فراہم کرنے والے 42 فیڈرز پر بھی فالٹ رپورٹ ہوا ہے متعدد مقامات پر طوفانی ہواؤں کے باعث درختوں کے گرنے سے بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں۔
آپریشن اور کنسٹرکشن کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں اور متاثرہ علاقوں کی بجلی کی جلد بحالی کیلئے کوشاں ہیں۔






















