پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان انتہائی اہم ترین میچ بنگلورو کے سٹیڈیم میں جاری ہے جو کہ فی الحال بارش کے باعث عارضی طور پر روک دیا گیا ہے لیکن اس میچ میں خاص بات یہ ہے کہ فخر زمان کی تیز ترین سینچری کی بدولت پاکستان ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت نیوزی لینڈ سے 10 رنز آگے ہے یعنی اگر بارش نہیں رکتی تو فاتح پاکستان ہی ٹھہرایا جائے گا ۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین فخر زمان نے محض 63 گیندوں پر 9 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے تیز ترین سینچری سکور کی اور یہ کارنامہ انہوں نے میچ کے ابتدائی 20 اوورز کے اندر انجام دیا جو کہ اپنے آپ میں ایک بڑا ریکارڈ ہے ۔
ان سے قبل دنیا میں دو ہی ایسے بلے باز ہوئے ہیں جنہوں نے میچ کے ابتدائی 20 اوورز میں سینچری بنائی ہے جن میں بھارت کے روہت شرما جنہوں نے افغانستان کے خلاف میچ میں 17.2 اوورز میں اپنی سینچری مکمل کی جبکہ دوسرا نمبر ویسٹ جان ڈیوڈسن کا ہے اور انہوں نے 2003 میں 19 اوورز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف یہ کارنامہ سر انجام دیا تھا ۔ ان کے بعد اب اس فہرست میں پاکستان کے فخر زمان کا نام بھی شامل ہو گیا ہے جنہوں نے 19.2 اوورز میں سینچری بنا کر تاریخ رقم کر دی ہے ۔