سپریم کورٹ آف پاکستان نے نیب ترامیم کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو عدالت میں پیش ہونے کا موقع فراہم کر دیا۔
سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کیس کی 31 اکتوبر کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نیب ترامیم میں مرکزی درخواست گزار ہیں، عدالت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرتی ہے۔
حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم کی نقل اڈیالہ جیل میں قید چیئرمین پی ٹی آئی کو پہنچائی جائے، اگر پی ٹی آئی چیئرمین عدالت میں پیش ہونا چاہیں تو جیل سپریٹنڈنٹ انتظامات کریں، یاد رہے کہ نیب ترامیم فیصلے کے خلاف اپیلیوں کی سماعت سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر کے تفصیلی فیصلے سے مشروط ہے۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے 31 اکتوبر کو نیب ترامیم کیس کی سماعت کی تھی۔ سپریم کورٹ نے نیب ترامیم فیصلے کے خلاف وفاقی حکومت کی انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کرتے ہوئے نیب عدالتوں کو زیرسماعت مقدمات کے حتمی فیصلے سے روک دیا۔