سابق چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی چوہدری شوگر مل ریکارڈ ٹمپرنگ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپیشل جج سینٹرل عدالت اسلام آباد شاہ رخ ارجمند نے سابق چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی بریت کی درخواست منظور کرلی۔
ظفر حجازی کے خلاف جولائی2017 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا اور ایف آئی اے نے مقدمہ چوہدری شوگر ملز کے ریکارڈ میں ٹمپرنگ کے الزام پر درج کیا تھا۔
ظفر حجازی کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ 17 دسمبر 2014 کو ظفر حجازی ایس ای سی پی کے چیئرمین تعینات ہوئے تھے، ان پر جو الزام لگائے گئے وہ ان کی تقرری سے پہلے کے ہیں۔
خیال رہے کہ پاناما پیپرز کیس کے سلسلے میں شریف خاندان کے مالی معاملات کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے الزام عائد کیا تھا کہ چیئرمین ظفر حجازی چوہدری شوگر ملز کے ریکارڈ میں ہیر پھیر میں ملوث تھے۔ جس کے بعد سپریم کورٹ نے ایس ای سی پی چیئرمین ظفر الحق حجازی پر لگائے جانے والے الزامات کی تحقیقات کرنے اور رپورٹ جمع کرانے کے لیے ایف آئی اے کو ہدایات جاری کی تھیں۔