اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایک سو نوے ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر نیب سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیا ۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کیس کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت قائم مقام چیف جسٹس سردارسرفراز ڈوگر اورجسٹس محمد آصف نے کی،عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر درخواستوں پر نیب سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔
وکیل لطیف کھوسہ نے استدعا کی کہ کیس کی سماعت آئندہ بدھ کو رکھی جائے،جس پر عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کو آئندہ ہفتےمقررکرنےکا حکم دے دیا۔ احتساب عدالت بانی پی ٹی آئی کو چودہ اور بشریٰ بی بی کو سات سال قید کی سزا سنا چکی ہے۔
بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ نے ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطل کرنے کیلئے عدالت عالیہ سے رجوع کر رکھا ہے۔
گزشتہ سماعت کا احوال
گزشتہ سماعت میں عدالت نےبانی پی ٹی آئی اور اہلیہ کی درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دورکرتےہوئے ڈائری نمبر الاٹ کرنے کی ہدایت کی تھی،قائم مقام چیف جسٹس اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ کے روبرو سماعت کے دوران لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ سمیت دیگر وکلا پٹیشنرز کی جانب سے پیش ہوئے تھے۔






















