وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ اور غیرقانونی خریدوفروخت روکنےکیلئے قانون سازی کا فیصلہ کرلیاہے ، پیٹرولیم ایکٹ انیس سو چونتیس میں ترامیم کا بل قومی اسمبلی میں پیش کر دیا گیا ، پیٹرول پمپ پر اسمگل مصنوعات کی موجودگی پرپیٹرول پمپ بحق سرکار ضبط کرنے یا ایک کروڑجرمانہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔۔
ایوان زیریں میں پیش کیے گئے ترمیمی بل کے مطابق متعلقہ ڈپٹی یا اسسٹنٹ کمشنر پیٹرول پمپ ضبط کرنےکےبعد ملکیت کسٹم حکام کےحوالے کرنے کا پابند ہوگا ۔ پیٹرولیم مصنوعات کی اسٹوریج مانیٹرنگ اور پیٹرول پمپس تک ترسیل کی ڈیجیٹل ٹریکنگ کی جائےگی، پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ،غیرقانونی اسٹوریج، خریدو فروخت پر دس لاکھ روپے جرمانہ ہوگا ۔ جرم دوبارہ کرنے والے کیلئے جرمانہ پچاس لاکھ روپے ہوگا ۔ بغیرلائسنس پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت پرپیٹرول پمپ کی تمام ملکیت متعلقہ ضلعی انتظامیہ ضبط کرنےکی مجازہوگی ۔ لائسنس مدت ختم پرمتعلقہ پیٹرول اسٹیشن مالکان کونئےلائسنس کےحصول کیلئے چھ ماہ کی مہلت دی جائےگی ۔






















