صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے معرکہ حق کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نےدشمن کا غرور خاک میں ملا دیا۔ بہادر افواج نے وطن کی حفاظت کا عہد پورا کیا ملکی خودمختاری پرکوئی آنچ نہیں آنے دی ۔ پوری قوم کواپنے شہدا اور ان کے اہلخانہ پرفخر ہے۔
صدرمملکت اور وزیراعظم نے وطن پر جانیں قربان کرنے والوں کیلئے الگ الگ پیغامات میں آپریشن بنیان مرصوص کی مثالی کامیابی شہدا اور ان کے ورثا کے نام کر دی ۔ بھارتی حملوں میں بچوں اور خواتین سمیت شہریوں کی شہادت کی سخت الفاظ میں مذمت کی ۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا پوری قوم پاک فوج اور پاک فضائیہ کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے ۔ ہمیں اپنے شہد کی قربانیوں پر فخر ہے۔ قوم اور مسلح افواج بھارتی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنی رہیں۔ ملکی سالمیت کا کامیابی سے دفاع کیا اور دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا۔ بھارتی جارحیت نے پوری قوم کو مزید متحد اور مضبوط کر دیا ۔ ملکی سلامتی اور خودمختاری پر ہر حملے کا منہ توڑ جواب دیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہماری بہادر افواج نے جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ملک کا بھرپور دفاع کیا ۔ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنےدی ۔ معرکہ حق میں افواج پاکستان نے بھارت کی عددی برتری کی خوش فہمی خاک میں ملا دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص سے بھارت پر واضح کر دیا اسے دوسرے ممالک کی سالمیت اور خودمختاری کا احترام کرنا ہو گا ۔ اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ریاست شہدا پیکج کے ذریعے ورثا کی کفالت کی ذمہ داری انجام دے گی ۔






















