سابق صدر و چیف آف آرمی سٹاف پرویز مشرف کے انتقال کے نو ماہ بعد ان کی سزا کالعدم کئے جانے کیخلاف اپیل سمیت تمام مقدمات سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقررکی گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں چار رکنی لارجر بینچ دس نومبر کو سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ کےلارجر بینچ میں جسٹس منصورعلی شاہ ، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہرمن اللہ بھی شامل ہیں۔
پرویز مشرف کو سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت نے دسمبر دو ہزار انیس میں ان کی غیرموجودگی میں پھانسی کی سزا سنائی تھی تاہم بعد میں لاہور ہائی کورٹ نے خصوصی عدالت کی تشکیل کو ہی غیرآئینی قرار دے دیا تھا۔
ہائیکورٹ کے اس فیصلے کیخلاف پاکستان بار کونسل، سندھ بار کونسل اور ایڈووکیٹ توفیق آصف نے اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔ ایک وکیل کی جانب سے پرویزمشرف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی الگ درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہے ۔ رجسڑار آفس کی جانب سے تمام فریقین اور وکلا کو نوٹس جاری کر دیئے گئے ۔
خیال رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف رواں سال پانچ فروری کو دبئی میں انتقال کر گئے تھے ۔