وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ترکیہ چین اور آذربائیجان نے پاکستان کی حمایت کا واضح اعلان کیا ہے۔ مودی سرکار کے قریبی حلیف بھی ان کے ساتھ نہیں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیردفاع کا کہنا تھا کہ بھارت نے سویلینز کو نشانہ بنا کر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ۔ ہم بھارتی عوام کو نہیں ان کی افواج کو نشانہ بنائیں گے۔ چند روز میں پتا چل جائے گا ہماری افواج کیسے ملک کی حفاظت کرسکتی ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ڈرون حملے ہماری لوکیشن کو ٹریس کرنے کے لیے کیےگئے، ڈرون حملوں کو دانستہ انٹرسیپٹ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی ملک ایسا نہیں جس سے ہمارا رابطہ نہ ہو، پاک بھارت کشیدگی میں دنیا نیوٹرل کھڑی ہے، ہماری افواج ایل اوسی اور ورکنگ باؤنڈری پہ بہادری سے مقابلہ کررہی ہیں۔
قبل ازیں سماء کے پروگرام " ریڈلائن ود طلعت" میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کا کوئی طیارہ نہیں گرایا گیا ۔ اپنے طیاروں کی تباہی کے بعد بھارت بہت بےعزت ہو چکا اس لیے الٹی سیدھی باتیں کررہا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پہلے بھارت اپنے طیاروں کی تباہی تسلیم ہی نہیں کررہا تھا، اب لڑاکا طیاروں کی سیٹیں بنانے والی کمپنی نے بھی تصدیق کردی، کمپنی نے ویب سائٹ پربتایا اس کی 4سیٹیں ایجیکٹ ہوئی ہیں۔






















