پونچھ ڈویژن میں گزشتہ رات لائن آف کنٹرول کے مختلف علاقوں میں بھارتی فوج کی شیلنگ جاری ہے۔ پاک فوج کی رات بھر بھارتی فوج کی چوکیوں پربھرپورجوابی کارروائی سے بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں۔
کوٹلی میں کھوئیرٹہ سیکٹر میں بھارتی فوج کی گولہ باری سے بچی سمیت 4افراد شہید ہوگئے، مقامی حکام کے مطابق لائن آف کنٹرول کے قریبی واقع مختلف سیکٹرز میں 10 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو کوٹلی منتقل کر دیا گیا۔
راولاکوٹ میں ہی کوٹیڑی نجم خان کا رہائشی 22 سال کا اسامہ عشرت بھارتی گولہ باری میں شہید جبکہ اس کی دو بہنیں زخمی ہوگئیں۔ اسامہ کی 10 دن قبل شادی ہوئی تھی۔ ہجیرہ میں بھارتی بلا اشتعال فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
وادی نیلم میں بھی تیسرے روز کنٹرول لائن کی مسلسل خلاف ورزی جاری ہے۔ بھارتی فوج کی جانب سے وادی نیلم میں سول آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ شاہکوٹ، جورا، اٹھمقام ، دودنیال، شاردہ، کیل اور ہلمت سیکٹرز میں بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ جاری ہے۔ پاک فوج کی جانب سے بھارتی گولہ باری کا موثر جواب دیا گیا۔
بالائی علاقہ کیل میں بھارتی گولہ باری سے ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا، کیل ماٹرگولہ لگنےسے نادرہ آفس کی عمارت کو نقصان پہنچا۔ بھارتی جارحیت،ڈی ایچ کیو اسپتال اٹھمقام میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج ایل او سی کے اطراف کھلونا بم پھیلا رہی ہے۔ شہری کسی انجان چیز کو ہاتھ نہ لگائیں۔
دوسری جانب پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر ایک اور کواڈ کاپٹر مار گرایا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سماہنی آزاد کشمیر کے علاقے باغسر پاک فوج نے بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرایا۔ کواڈ کاپٹر کوصبح 3:15 پر نشانہ بنایا گیا۔






















