پاک، بھارت سرحد پر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نیلم، کیرن، دودھنیال، شاردہ، اور پانڈو سیکٹرز میں بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال گولہ باری اور جارحیت کے جواب میں پاک فوج نے موثر جوابی کارروائی کی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے بھارتی فوج کے نانگا ٹک بٹالین ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا جس سے بھارتی فوج کو شدید نقصان اٹھانا پڑا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی گولہ باری سے بھارتی ہیڈکوارٹر کو تباہ کر دیا گیا اور اس سے قبل بھی پاک فوج کی جوابی کارروائیوں کی بدولت بھارتی فوج کو متعدد چیک پوسٹوں پر سفید جھنڈا لہرانا پڑا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پاک فوج کی حالیہ کارروائیوں سے دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب نیلم وادی میں بھارتی فوج کی مسلسل خلاف ورزیوں کے باوجود پاک فوج نے موثر حکمت عملی سے بھارتی سورماؤں کو منہ کی کھلائی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نیلم نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محفوظ اور محتاط رہیں اور نوجوان پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔






















