بھارت کی جانب سے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کی گئی شدید گولہ باری کے بعد واپڈا چیئرمین انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے نوسیری میں واقع ڈیم سائٹ کا ہنگامی دورہ کیا، جہاں انہوں نے پراجیکٹ کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لیا اور ملازمین کی حوصلہ افزائی کی۔
پروجیکٹ حکام کی جانب سے چیئرمین واپڈا کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ بھارتی گولہ باری مسلسل چھ گھنٹوں تک جاری رہی، جس کے نتیجے میں ان ٹیک گیٹس کے ہائیڈرالک یونٹ 1 کو نقصان پہنچا۔ مزید یہ کہ ڈی سینڈرز 1 اور 3 کے ری انفورسمنٹ اسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
بریفنگ کے مطابق بھارتی حملے میں پراجیکٹ کے ملازمین کے رہائشی کیمپ، ایمبولینس اور دیگر میڈیکل سہولیات کو بھی نشانہ بنایا گیا، چیئرمین واپڈا نے کہا کہ جنیواکنونشن سمیت عالمی قوانین مکمل جنگ کےدوران بھی واٹراسٹرکچرزپرحملہ کرنےکی اجازت نہیں دیتے۔






















