امریکی چینل نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے 125 طیاروں کے درمیان طویل ترین لڑائی ہوئی، دونوں ممالک کے طیارے ایک گھنٹہ سے زائد وقت دوبدو لڑتے رہے۔
امریکی چینل نے اپنی رپورٹ میں اعتراف کیا ہے کہ پاک فضائیہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب بھارتی جارحیت کے سامنے دیوار بن گئی۔ سی این این کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی فضائیہ کے درمیان لڑائی طویل ترین ڈاگ فائٹ تھی، 125 لڑاکا طیارے ایک گھنٹے سے زائد دو بہ دو لڑتے رہے۔
امریکی میڈیا نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے طیارے اپنی فضائی حدود میں رہ کر لڑتے رہے، پاکستانی حکام کے مطابق 5 بھارتی طیارے مار گرائے گئے، بعض طیارے 160 کلومیٹر کی دوری سے میزائل فائر کرکے گرائے گئے۔
امریکی میڈیا نے اعتراف کیا کہ 2019ء میں بھارتی طیارہ گرا کر پائلٹ کو پکڑا گیا تھا، اس لیے اس بار بھارت نے اپنے پائلٹس کو سرحد عبور کرنے سے روکا۔
سی این این کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز نے پہلے ہی ممکنہ اہداف سے شہریوں کا انخلاء کیا تھا، پاکستانی فورسز کے بروقت اقدامات سے زیادہ شہادتیں نہیں ہوئیں۔
واضح رہے کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب متعدد شہروں میں میزائل حملے کیے، جن میں 30 سے زائد پاکستانی شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔
پاک فوج نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے جدید ترین رافیل سمیت بھارت کے 5 طیارے گرادیئے تھے۔





















