وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے قوم سے خطاب میں اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس کے دوران شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لینے کا اعلان کر دیاہے جس کے بعد اس صورتحال میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی انتہائی اہم بیان سامنے آ یاہے جس میں انہوں نے دونوں ممالک کو ثالثی کی پیشکش کر دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان اور بھارت کو کسی بھی قسم کی مدد چاہیے تو میں حاضر ہوں، میں چاہتاہوں کہ بھارت اور پاکستان ایک دوسرے پر حملے بند کریں ، یہ بہت ہی خوفناک ہے ، میرے دونوں ممالک سے اچھے تعلقا ہیں اور انہیں اچھی طرح سے جانتا ہوں ، ہم صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ٹرمپ کا کہناتھا کہ اگر میں کسی بھی طرح مدد کر سکتاہوں تو میں وہاں موجود ہوں گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ شب بھارت نے پاکستان کے 6 شہروں میں بزدلانہ حملے کیئے جس میں 31 معصوم شہری شہید ہو ئے ہیں اور 57 افراد زخمی ہیں، پاکستان نے بھارتی حملے کا فوری جواب دیتے ہوئے اپنی حدود میں رہتے ہوئے بڑی کارروائی کی اور پاکستان پر حملہ آور ہونے والے پانچ بھارتی جہازوں کو زمین بوس کر دیا جن میں 3 جدید رافیل ، ایک مگ اور ایک سخوئی شامل ہیں ۔






















