وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ طاقتور جواب دیا اور قوم کی دعاؤں سے برتری حاصل ہوئی۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو میں بھارت پر سخت تنقید کی اور پاکستانی افواج کے ردعمل کی تفصیلات پیش کیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ بھارت نے عام شہریوں، مساجد اور مدرسوں کو نشانہ بنایا، جو ایک بزدلانہ عمل ہے۔ عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ بھارت کے پاس پہلگام واقعے کے کوئی ثبوت یا شواہد نہیں ہیں اور اس نے بے بنیاد الزامات لگائے۔
انہوں نے بتایا کہ پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ نے بھارت کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جس میں بھارت کے پانچ طیاروں اور ایک ڈرون کو مار گرایا گیا جبکہ کنٹرول لائن پر بھارتی فوجی چوکیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا اور کئی پوسٹیں تباہ ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے خود اپنے جہازوں کا ملبہ دکھایا جو ان کی ناکامی کی تصدیق کرتا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے رات بھر قوم اور بین الاقوامی میڈیا کو صورتحال سے آگاہ رکھا۔
انہوں نے پاکستانی قوم کی یکجہتی اور افواج کے ساتھ مکمل حمایت پر فخر کا اظہار کیا اور بتایا کہ وزیراعظم نے قومی سلامتی اجلاس طلب کیا ہے جس کے بعد پالیسی بیان جاری ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ طاقتور جواب دیا اور قوم کی دعاؤں سے برتری حاصل ہوئی۔
تارڑ نے بھارتی فوج کی جانب سے"سفید جھنڈا لہرانے" کو شرم کا مقام قرار دیا اور کہا کہ پاکستانی افواج نے جنگ کے آداب کو بھی ملحوظ خاطر رکھا۔





















