امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی جلد ختم ہوجائیگی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی پر امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو کا اہم بیان سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں۔
مارکو روبیو نے کہا کہ پاکستانی اور بھارتی قیادت کے ساتھ پرامن حل کے لیے رابطے جاری رکھیں گے۔
امریکی وزیر خارجہ نے بتایا کہ صدر ٹرمپ نے کہا ہے دونوں ملکوں کی کشیدگی جلد ختم ہوجائیگی۔
واضح رہے کہ بھارت نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے پاکستان اور آزاد جموں کشمیر میں نو مقامات پر ’دہشتگردوں کے ٹھکانوں‘ کو نشانہ بنایا ہے جبکہ وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے بھارت کے بزدلانہ حملوں کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 5 بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے اور کئی بھارتی فوجیوں کو قیدی بنا لیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ آج رات بزدل بھارت نے پاکستان پر جارحیت کی اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا، پاک فوج عوام کی حمایت سے دشمن کی جارحیت کا جواب دے رہی ہے اور اس جارحیت کا منہ توڑ جواب مزید بھی دیا جائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہناتھا کہ پاکستان میں 6 جگہ پر 24 حملے کیئے گئے ہیں جس میں بھارت کی جانب سے مختلف ہتھیار استعمال کیئے گئے ، 24 حملوں میں 8 پاکستانی شہید ہوئے ہیں جبکہ 35 زخمی ہیں اور 2 افراد تاحال لاپتا ہیں۔






















