بھارتی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر (AJK) میں 9 مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔ بھارتی فوج کے مطابق یہ حملے نام نہاد "آپریشن سندور" کے تحت کیے گئے، جن کا مقصد ان مبینہ مقامات کو نشانہ بنانا تھا جہاں سے بھارت کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور نگرانی کی جا رہی تھی۔
بھارتی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا"کچھ دیر قبل بھارتی مسلح افواج نے 'آپریشن سندور' کے تحت پاکستان اور AJK میں ان تنصیبات پر حملے کیے جہاں سے بھارت کے خلاف دہشت گردی کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔"
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 9 مقامات کو نشانہ بنایا گیا، تاہم حملے کو "محدود، ناپے تلے اور عدم اشتعال انگیزی" کے اصولوں کے تحت انجام دیا گیا ہے۔
بھارتی افواج کا دعویٰ ہے کہ حملوں میں کسی بھی پاکستانی فوجی تنصیب کو نشانہ نہیں بنایا گیا ۔
پاکستان کی جانب سے تاحال ان بھارتی دعوؤں کی باضابطہ تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے، تاہم علاقائی تناؤ میں اضافے کے خدشات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔






















